تعصبات کے خلاف امریکہ میں سرگرم ادارہ اینٹی ڈیفامیشن لیگ کے یہودی
ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اگر نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کا
ڈیٹا بیس مرتب کیا تو، وہ خود کو بطور مسلمان رجسٹر کرالیں گے۔ رائٹر کے
مطابق اپنے بیان میں جوناتھن گرین بلاٹ نے کہا ہے کہ جس دن ڈونالڈ ٹرمپ
نے مسلمانوں کی رجسٹری کا نظام مرتب کیا اسی روز میں اپنے یہودی عقیدے اور
امریکہ کی بنیادی اقدار سے اپنی وابستگی کے باعث خود کو بطور مسلمان رجسٹر
کرالوں گا، کیونکہ میں اس ملک کو ایسا ہی عظیم دیکھنا چاہتا ہوں جیسا یہ
ہمیشہ سے رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر بارک اوبامہ
کے معاون خصوصی کے طور پر فرائض
انجام دینے والے جوناتھن گرین بلاٹ نے ڈونالڈ ٹرمپ کو، اسٹیفن بینَن کی
بطور چیف اسٹریٹیجسٹ خدمات حاصل کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسی کے
ساتھ بہر حال انہوں نے یہ بھی کہا کہ اینٹی ڈیفامیشن لیگ سنجیدہ اور
ضروری معاملات پر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے
کی خواہاں ہے اور ہم انہیں ایسے معاملات پر جوابدہ بنائیں گے۔ واضح رہے کہ صدارتی مہم کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ میں مسلمانوں کے
داخلے پر پابندی عائد کرنے، امریکی مسلمانوں کی وفاداری کا امتحان لینے اور
ان میں سے چند کو ملک بدر کرنے کی بات کی تھی۔